پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر انتخابات: میرپور ڈویژن میں مسلم لیگ ن کو 13 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی، غیر سرکاری تنائج جاری

پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں کے ابتدائی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے واضح برتری حاصل کر لی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 26 اور فارم 27 کے ابتدائی نتائج میں مسلم لیگ ن 9 نشستوں پر کامیاب رہی، جبکہ پیپلز پارٹی 4 نشستیں حاصل کر سکی۔

آزاد کشمیر میں انتخابات سکیورٹی خدشات کے باعث 3 مراحل میں کرائے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پیر کو میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں پولنگ ہوئی تھی۔

پولنگ کے دوران بعض علاقوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان جھڑپوں، تشدد اور دھاندلی کے الزامات کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کے الزامات عائد کیے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے میرپور ضلع کے دادیال اور کھڑی شریف، بھمبر ضلع کے برنالہ، سماہنی اور بھمبر، جبکہ کوٹلی ضلع کے نکیال، سہنسہ، چڑھوئی اور کھوئی رٹہ میں کامیابی حاصل کی۔ پیپلز پارٹی نے میرپور شہر، چکسواری اور کوٹلی کی 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

ایل اے 1 میرپور 1 میں مسلم لیگ ن کے اظہر صادق 15,427 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ان کے مخالف محمد افضل شاہد نے 9,832 ووٹ حاصل کیے۔

ایل اے 2 میرپور 2 میں پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 13,378 ووٹ لے کر نشست جیتی۔

ایل اے 3 میرپور 3 میں پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان کامیاب ہوئے۔ انہوں نے 12,590 ووٹ حاصل کیے، جبکہ ان کے حریف کو 11,081 ووٹ ملے۔ ایل اے 4 میرپور 4 میں مسلم لیگ ن کے چوہدری رخسار احمد 22,376 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے صہیب ارشد 15,851 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

بھمبر کے حلقہ ایل اے 5 میں مسلم لیگ ن کے وقار احمد نور اور پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ وقار احمد نور نے 30,259 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پرویز اشرف کو 29,574 ووٹ ملے۔

ایل اے 6 سماہنی میں مسلم لیگ ن کے چوہدری رزاق کامیاب قرار پائے۔

ایل اے 7 بھمبر 3 میں مسلم لیگ ن کے طارق فاروق نے واضح فرق سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 37,613 ووٹ لیے، جبکہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق 25,534 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

کوٹلی کے حلقہ ایل اے 8 میں پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال 19,535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

ایل اے 10 کوٹلی 3 میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے 12,358 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

دوسری جانب ایل اے 9 نکیال میں مسلم لیگ ن کے عمیر نعیم کامیاب ہوئے، جہاں پولنگ کے دوران تشدد کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔ ان کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے جاوید بڈھانوی سے تھا۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایل اے 11 سہنسہ میں مسلم لیگ ن کے راجہ آصف، ایل اے 12 کوٹلی 5 میں راجہ ریاست خان اور ایل اے 13 کوٹلی 6 میں راجہ ایاز احمد کامیاب ہوئے۔

پاکستان کے زیرِ انتطام کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے پیر کی رات ان انتخابات کو آزاد کشمیر کی تاریخ کے “سب سے مشکل” انتخابات قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں 1 یا 2 الگ تھلگ واقعات ہو جاتے ہیں، مگر سیاسی جماعتیں بعض اوقات ان واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتی ہیں۔

انتخابات کا دوسرا مرحلہ 2 اگست کو مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ہوگا، جبکہ تیسرا مرحلہ 10 اگست کو پونچھ ڈویژن کی 11 نشستوں پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ لکھیں