پاکستان بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کے لیے مجموعی طور پر 138,158 امیدوار رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹیسٹ 20 ستمبر 2026 کو ملک بھر میں منعقد ہوگا۔
ایم ڈی کیٹ پہلے 16 اگست کو ہونا تھا، تاہم آزاد جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ سروسز کی معطلی اور موجودہ حالات کے باعث اسے ملتوی کرتے ہوئے 20 ستمبر کو دوبارہ شیڈول کیا گیا۔ بعد ازاں پی ایم ڈی سی نے رجسٹریشن بھی دوبارہ کھول دی، جس کے نتیجے میں مزید 2,063 امیدواروں نے ٹیسٹ کے لیے اندراج کرایا۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ امیدوار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے تحت امتحان دیں گے، جہاں 49,198 طلبہ رجسٹرڈ ہیں۔ دوسرے نمبر پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور ہے، جس کے تحت 38,841 امیدوار امتحان میں شریک ہوں گے، جبکہ آئی بی اے یونیورسٹی سکھر 34,232 امیدواروں کے لیے ٹیسٹ کا انعقاد کرے گی۔
اسی طرح بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے تحت 9,923 اور شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے تحت 5,964 امیدوار رجسٹرڈ ہیں۔ اسلام آباد کی یونیورسٹی سعودی عرب میں قائم ایک امتحانی مرکز پر بھی ٹیسٹ منعقد کرے گی۔
پی ایم ڈی سی نے تمام متعلقہ یونیورسٹیوں اور صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ امتحانی مراکز، سکیورٹی، طبی امداد، ایمرجنسی رسپانس اور امیدواروں سمیت ان کے والدین یا سرپرستوں کے لیے ضروری سہولیات بروقت مکمل کی جائیں۔ پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ امتحان کو منصفانہ، شفاف اور محفوظ انداز میں منعقد کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایم ڈی کیٹ پاکستان میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے لازمی امتحان ہے، اور رواں سال ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار اس میں شرکت کر رہے ہیں۔