پاکستان: پولیو کا نیا کیس رپورٹ، رواں سال مجموعی تعداد 7 ہو گئی

پاکستان کے صوبہ،خیبر پختونخوا کے ضلع، تورغر میں پولیو وائرس کا نیا کیس سامنے آ گیا ہے، جس کے بعد سال 2025 میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی ہے۔
یہ کیس ایسے وقت میں رپورٹ ہوا ہے جب ملک بھر میں انسداد پولیو کی قومی مہم جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (N-EOC) نے تصدیق کی ہے کہ، 21 سے 27 اپریل تک جاری اس مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ، ہر مہم کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ بار بار دی جانے والی پولیو ویکسین کی اضافی خوراکیں بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے میں مؤثر کردار ادا کرتی ہیں۔
دوسری جانب قومی پولیو مہم کے دوران بلوچستان کے ضلع مستونگ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کلی تیری کے علاقے میں دہشتگردوں نے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار، نیک محمد موقع پر ہی شہید ہوگئے، جبکہ زخمی اہلکار، مقصود احمد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ، وہ بھی راستے میں دم توڑ گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ، اکرم حریفال کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
پولیو کیسز اور انسداد مہم پر حملے دونوں ملک کے لیے تشویشناک چیلنج بن چکے ہیں۔ صحت عامہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ، والدین کو ہر مہم میں اپنے بچوں کو قطرے پلوانے کے ساتھ ساتھ مہم کے خلاف منفی پراپیگنڈے کو رد کرنا ہوگا، تاکہ پاکستان اس موذی مرض سے جلد نجات حاصل کر سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں