مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ محمد العیسیٰ نے اسلامی تاریخ اور تہذیب میں ازبکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
شیخ محمد العیسیٰ نے تاشقند میں “اسلامی تہذیب: امن، رواداری اور روشن خیالی کا راستہ” کے عنوان سے منعقدہ بین الاقوامی فورم سے ویڈیو خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں سعودی عالم دین نے کہا کہ ازبکستان اسلامی تاریخ میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے، خاص طور پر سمرقند اور بخارا جیسے تاریخی شہروں کے باعث، جو قدیم شاہراہِ ریشم پر علم، سائنس اور دینی اقدار کے تبادلے کے اہم مراکز رہے۔
شیخ محمد العیسیٰ نے تاشقند میں سینٹر آف اسلامک سولائزیشن کے افتتاح کا بھی ذکر کیا، جسے ازبکستان کا سب سے بڑا ثقافتی، علمی اور تعلیمی کمپلیکس ہے۔
انہوں نے سمرقند کے قریب امام بخاری میموریل کمپلیکس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز امام بخاری، امام ترمذی اور امام ماتریدی جیسے عظیم اسلامی علما کے علمی ورثے کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ شیخ محمد العیسیٰ کے مطابق ایسے منصوبے اسلامی، علمی اور ثقافتی ورثے کو نئی زندگی دے رہے ہیں۔
اسلامی تہذیب پر یہ پہلا بین الاقوامی فورم ازبکستان کے صدر شوکت مرزائیوف کی قیادت میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ فورم کا اہتمام اسلامی عالمی تعلیمی، سائنسی و ثقافتی تنظیم اور تاشقند کے اسلامی تہذیب مرکز نے کیا ہے۔
تقریب میں تقریباً 40 ممالک سے 300 مقررین شریک ہیں، جو اسلامی تہذیب، امن، رواداری، روشن خیالی اور علمی ورثے کے فروغ سے متعلق موضوعات پر گفتگو کر رہے ہیں۔ یہ فورم 11 جولائی تک جاری رہے گا۔