اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں امن مشنز سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں سب سے بڑے اور طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ڈھائی لاکھ سے زائد پاکستانی امن دستے دنیا بھر میں 48 مشنز میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور انہوں نے مختلف حالات میں اقوامِ متحدہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، جس کی ایک نمایاں مثال لائبیریا ہے۔ ان کے مطابق، اس کامیابی کے پیچھے بے شمار محنت، عزم اور قربانیاں شامل ہیں۔
سفیر نے کہا کہ ایک ایسے ملک کے طور پر جس کے 182 اہلکار اقوامِ متحدہ کے جھنڈے تلے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں، پاکستان امن دستوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ابھرتے ہوئے خطرات، خصوصا ڈرونز کے استعمال اور دیگر غیر روایتی جنگی طریقوں کی وجہ سے فیلڈ میں موجود امن دستوں کو درپیش خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔