فلم ’مرزاپور دی مووی‘ کا شاندار آغاز، پہلے تین دن میں دنیا بھر سے 132 کروڑ روپے سے زائد کما لیے

فلم ’مرزاپور: دی مووی‘ نے ریلیز کے پہلے تین دن میں باکس آفس پر مضبوط آغاز کرتے ہوئے دنیا بھر سے 132 کروڑ 35 لاکھ بھارتی روپے سے زیادہ کا بزنس کر لیا ہے۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق فلم نے اتوار کو، یعنی تیسرے دن، بھارت میں 36 کروڑ روپے کمائے، جو اس کی اب تک کی سب سے زیادہ ایک روزہ کمائی ہے۔ اس سے قبل فلم نے ہفتے کو 32 کروڑ اور جمعے کو 25 کروڑ 75 لاکھ روپے کمائے تھے۔

فلم کی تین دن کی مجموعی خالص ملکی کمائی 93 کروڑ 75 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ بیرونِ ملک سے تقریباً 20 کروڑ روپے کا بزنس ہوا۔ اس طرح دنیا بھر میں فلم کی مجموعی کمائی 132 کروڑ 35 لاکھ روپے تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلم 100 کروڑ روپے کے ملکی ہدف کے بہت قریب پہنچ چکی ہے اور موجودہ رفتار برقرار رہی تو پہلے پیر ہی کو یہ سنگِ میل عبور کر سکتی ہے۔

’مرزاپور: دی مووی‘ نے 2026 کے تیسرے سب سے بڑے اوپننگ ویک اینڈ کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔ فلم نے ابتدائی دن کی کمائی میں کئی بڑی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ صرف چند بڑی ریلیزز اس سے آگے ہیں۔

فلم کی ہدایت کاری گُرمیت سنگھ نے کی ہے، جبکہ اس کی کاسٹ میں پنکج ترپاٹھی، علی فضل، دیویندو، جتیندر کمار، روی کشن، رسیکا دگل، شویتا ترپاٹھی اور دیگر اداکار شامل ہیں۔ فلم مقبول او ٹی ٹی سیریز ’مرزاپور‘ کی کہانی کو بڑے پردے تک لے کر آئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں