بچوں کی ذہنی صحت کو متاثر کرنے کا معاملہ، میٹا نے امریکی ریاست میں اپنی سروسز بند کرنے پر غور شروع کر دیا

امریکی ریاست نیو میکسیکو میں میٹا نے خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی سوشل میڈیا سروسز بند کرنے پر غور کر سکتی ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریاستی حکام کمپنی کے پلیٹ فارمز، خاص طور پر انسٹاگرام، میں بچوں کے تحفظ اور ذہنی صحت کے لیے بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

یہ معاملہ ایک عدالتی مقدمے سے جڑا ہے جس میں میٹا پر عوامی نقصان کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایک جیوری کمپنی پر 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کر چکی ہے، یہ کہتے ہوئے کہ میٹا کو بچوں کو لاحق خطرات کا علم تھا لیکن اس نے انہیں چھپایا۔

ریاستی پراسیکیوٹرز چاہتے ہیں کہ بچوں کے اکاؤنٹس کے لیے سخت قواعد متعارف کروائے جائیں، جن میں عمر کی بہتر تصدیق، محفوظ پرائیویسی سیٹنگز اور ایسے فیچرز پر پابندی شامل ہے جو زیادہ استعمال کی عادت پیدا کرتے ہیں۔

دوسری جانب میٹا کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اسے دیگر ایپس کے مقابلے میں غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں کمپنی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمر کی 99 فیصد درستگی سے تصدیق ممکن نہیں، اور اگر اسے ان شرائط پر عمل کرنا پڑا تو اسے ریاست میں اپنی سروسز بند کرنا پڑ سکتی ہیں۔

اگر ایسا ہوا تو ریاست کے تقریباً 21 لاکھ افراد فیس بک اور واٹس ایپ سمیت دیگر سروسز سے محروم ہو سکتے ہیں، جس سے روزمرہ رابطوں اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی اثر پڑے گا۔

ماہرین کے مطابق میٹا کا یہ مؤقف ریاستی حکام پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہو سکتی ہے، تاہم اس کے وسیع اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

یہ مقدمہ ان 40 سے زائد امریکی ریاستوں کی کارروائیوں کا حصہ ہے جنہوں نے میٹا پر نوجوانوں میں ذہنی صحت کے مسائل بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں