مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے میٹا کا 35 ارب ڈالر کے شیئرز فروخت کرنے کا منصوبہ

فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت (AI) کے منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے تقریباً 35 ارب ڈالر کے شیئرز فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میٹا نے پیر 26 اکتوبر کو بتایا کہ کمپنی عام شیئرز کے ساتھ ایسے خصوصی شیئرز بھی فروخت کرے گی، جنہیں بعد میں عام شیئرز میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

میٹا نے 2027 کی پہلی سہ ماہی میں مزید 60 ارب ڈالر تک کے شیئرز فروخت کرنے کا ایک الگ پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ یہ پروگرام کمپنی کے نئے کلاس سی شیئرز کی مارکیٹ میں خرید و فروخت شروع ہونے کے بعد متعارف کرایا جائے گا۔

کمپنی مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی، بڑے ڈیٹا سینٹرز اور کمپیوٹنگ کی صلاحیت بڑھانے پر بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ اس شعبے میں میٹا کا مقابلہ اوپن اے آئی اور اینتھروپک جیسی کمپنیوں سے ہے۔

رائٹرز کے مطابق 30 ستمبر 2026 تک میٹا کے پاس نقد رقم اور دیگر قابل فروخت سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 82 ارب 45 کروڑ ڈالر تھی، جبکہ طویل مدتی قرض 80 ارب 92 کروڑ ڈالر تھا۔ کمپنی مستقبل میں تقریباً 825 ارب ڈالر خرچ کرنے کے وعدے بھی کر چکی ہے، جن کا بڑا حصہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا سینٹرز اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ سے متعلق ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں