بنگلہ دیش میں خسرہ سے اموات 902 تک پہنچ گئیں، 24 گھنٹوں میں مزید 8 بچوں کی ہلاکت

بنگلہ دیش میں خسرے سے اموات کی مجموعی تعداد رواں سال 902 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خسرے جیسی علامات کے ساتھ مزید 8 بچوں کی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

بنگلہ دیشی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہلاک ہونے والے 8 بچوں کو مشتبہ خسرہ اموات میں شمار کیا گیا ہے۔ اس کے بعد مشتبہ خسرہ اموات کی تعداد بڑھ کر 803 ہو گئی ہے، جبکہ تصدیق شدہ خسرہ اموات کی تعداد 99 پر برقرار ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں خسرے کے 728 نئے مشتبہ کیسز سامنے آئے، جس کے بعد ملک بھر میں مشتبہ کیسز کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 41 ہزار 776 ہو گئی ہے۔

اسی دوران لیبارٹری سے تصدیق شدہ خسرے کے 70 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، جس کے بعد تصدیق شدہ مریضوں کی مجموعی تعداد 17 ہزار 800 تک پہنچ گئی ہے۔

بنگلہ دیشی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز کے اعداد و شمار کے مطابق 15 مارچ سے اب تک خسرے کی مشتبہ علامات کے ساتھ 1 لاکھ 23 ہزار 494 مریض ملک بھر کے ہسپتالوں میں داخل کیے جا چکے ہیں۔

ان میں سے 1 لاکھ 19 ہزار 89 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم نئے کیسز اور اموات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

حکام کے مطابق رواں سال خسرے کے مشتبہ اور تصدیق شدہ کیسز کی بڑی تعداد سامنے آنے کے باعث مجموعی صورتحال تشویش ناک ہے، جبکہ تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیماری اب بھی بچوں کو شدید متاثر کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں