معرکہ حق میں کامیابی نے پاکستان کو نئی عالمی پہچان دی، وزیرِ منصوبہ بندی پاکستان

لاہور: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں کامیابی نے پاکستان کو دنیا میں نئی پہچان دی اور امریکا۔ایران جنگ میں کردار ادا کرنے کی ایک بڑی وجہ بھی یہی کامیابی تھی۔

لاہور چیمبر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان نے ایک قوم بن کر دشمن کا مقابلہ کیا اور وطن پر قربان ہونے کے جذبے نے معرکہ حق میں کامیابی دلائی۔

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے اب “معرکہ ترقی” نہ جیتا تو معرکہ حق کا دفاع بھی زیادہ دیر تک ممکن نہیں رہے گا۔ ان کے مطابق ملکی استحکام کیلئے مضبوط معیشت ناگزیر ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلح افواج نے کئی گنا بڑے دشمن پر کاری ضرب لگائی جبکہ بھارت کے خلاف کامیابی نے پاکستان کی عالمی ساکھ کو مضبوط کیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جس جذبے سے قوم نے دفاع وطن میں اتحاد کا مظاہرہ کیا، اسی جذبے سے معاشی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقی اور خوشحالی ہی پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں