لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی ہے۔ بسنت کا انعقاد 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک ہوگا، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کے باعث بسنت کی تقریبات ایک روز کے لیے معطل رہیں گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہوریوں کے لیے 10 روزہ بسنت کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سے قبل 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ نے آئندہ بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے گزشتہ سال سے بھی بہتر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ 10 روزہ بسنت پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی اور اس موقع پر دنیا بھر میں لاہور کے ثقافتی تشخص کو اجاگر کیا جاسکے گا۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی کہ انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ذمہ داری، فرض شناسی اور احساس کا مظاہرہ کریں اور گزشتہ بسنت کی طرح اس مرتبہ بھی ایک مثبت مثال قائم کریں۔

حکومت پنجاب کی جانب سے بسنت کے دوران شہریوں کی حفاظت، ٹریفک، انتظامی امور اور دیگر متعلقہ اقدامات کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں