خیبر پختونخواہ: علی امین گنڈاپور اپنے عہدے سے مستعفی، سہیل آفریدی بطور وزیراعلی نامزد

پاکستان کی سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اُن کی جگہ سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کیے تھے اور اُن پر پارٹی میں تقسیم پیدا کرنے کا الزام لگایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر عمران خان نہایت غمگین ہیں، خاص طور پر ضلع اورکزئی میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت کے واقعے کے بعد بانیِ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا کہ صوبے میں قیادت کی تبدیلی ناگزیر ہو گئی ہے۔

سلمان اکرم راجا کے مطابق، عمران خان نے واضح کیا کہ گزشتہ دو سالوں میں وفاقی حکومت کی پالیسی غلط ثابت ہوئی ہے اور خیبرپختونخوا حکومت کو اس سے خود کو الگ کرنا چاہیے، کیونکہ یہ پالیسی محاذ آرائی پر مبنی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب تک تمام اسٹیک ہولڈرز ، قبائل، افغان حکومت اور افغان عوام کو شامل نہیں کیا جائے گا، تب تک نہ خیبرپختونخوا میں امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ ہی پورے پاکستان میں۔انہوں نے افغان مہاجرین کے ساتھ حالیہ سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چالیس سال کی مہمان نوازی کے بعد اُن کے ساتھ جو رویہ اپنایا گیا وہ قابلِ معافی نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ اُن کے دورِ حکومت میں دہشت گردی کی سطح تاریخ کی کم ترین حد تک پہنچ گئی تھی، مگر موجودہ پالیسیوں نے حالات کو پھر بگاڑ دیا ہے۔ان کے مطابق، دہشت گردی کے خاتمے کا واحد حل مذاکرات ہیں، اور اس معاملے کو بڑے تناظر میں سمجھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔

سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ عمران خان کو توقع ہے کہ سہیل آفریدی کی قیادت میں خیبرپختونخوا میں ایک نئی سوچ اور افہام و تفہیم پر مبنی طرزِ حکمرانی فروغ پائے گا، جہاں جرگہ نظام سے مدد لے کر امن کا دیرپا حل نکالا جائے گا۔

دوسری جانب علی امین گنڈاپور نے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا منصب بانیِ پی ٹی آئی کی امانت تھا، اور وہ یہ امانت واپس کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

Author

  • The standard lorem ipsum passage has been a printer's friend for centuries. Like stock photos today, it served as a placeholder for actual content. The original text comes from Cicero's philosophical work "De Finibus Bonorum et Malorum," written in 45 BC.

اپنا تبصرہ لکھیں