90 سال کی عمر میں بھی باڈی بلڈنگ کا شوق برقرار، جاپانی کھلاڑی کی اسپین میں عالمی مقابلے میں شرکت

جاپان کے 90 سالہ باڈی بلڈر توشی سوکے کانازاوا نے اسپین میں ہونے والے عالمی باڈی بلڈنگ مقابلے میں شرکت کرکے ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ بڑھتی عمر کھیلوں میں حصہ لینے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔ کانازاوا نے اپنے سے کئی دہائیاں کم عمر کھلاڑیوں کے ساتھ اسٹیج پر آکر اپنی جسمانی فٹنس اور محنت کا مظاہرہ کیا۔

یہ مقابلہ 30 اکتوبر کو اسپین کے ساحلی شہر سانتا سوزانا میں انٹرنیشنل فٹنس اینڈ باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا۔ جاپانی کھلاڑی نے 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے ایتھلیٹس کے لیے مخصوص کیٹیگری میں حصہ لیا۔ مقابلے سے قبل انہوں نے دیگر کھلاڑیوں کی طرح وارم اپ کیا اور اسٹیج پر اپنی جسمانی ساخت کا مظاہرہ کیا۔

کانازاوا کا کہنا ہے کہ انہیں ہمیشہ ایسے کام کرنے کا شوق رہا ہے جو دوسرے لوگ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ زندگی بھر باڈی بلڈنگ جاری رکھنا چاہتے ہیں اور عمر بڑھنے کے باوجود اپنے شوق کو ترک کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

90 سالہ باڈی بلڈر نے اپنی جسمانی صحت اور فٹنس کا سہرا روایتی جاپانی خوراک کے سر باندھا۔ ان کے مطابق وہ 50 سال کی عمر سے براؤن رائس، ناٹو نامی سویابین سے تیار کردہ غذا اور میسو سوپ استعمال کر رہے ہیں۔ کانازاوا کا دعویٰ ہے کہ اسی طرزِ زندگی نے انہیں صحت مند رہنے میں مدد دی ہے اور وہ 90 برس کی عمر تک کسی بڑی بیماری کا شکار نہیں ہوئے۔

اگرچہ کانازاوا اس مقابلے میں پہلی تین پوزیشنز حاصل نہیں کر سکے، تاہم وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن دکھائی دیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 93 سال کی عمر میں ایک مرتبہ پھر باڈی بلڈنگ مقابلے میں حصہ لینے کے بارے میں سوچ رہے ہیں، جس کے بعد ممکنہ طور پر مقابلوں سے ریٹائرمنٹ لے لیں گے۔

کانازاوا کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم میں تبدیلیاں آتی ہیں، لیکن مضبوط ارادہ اور مسلسل محنت انسان کو اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی کام میں کامیابی کے لیے ذہنی مضبوطی اور مستقل مزاجی ضروری ہے۔

جاپانی باڈی بلڈر نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں بڑی عمر کے دوسرے افراد کو بھی جسمانی طور پر متحرک رہنے کی ترغیب دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ بڑھتی عمر کے باوجود اپنی صحت، فٹنس اور دلچسپیوں پر توجہ دیں اور خود کو عمر کی حدود تک محدود نہ رکھیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں