منیلا میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی عمانی وزیر خارجہ سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت علاقائی امن پر تبادلہ خیال

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منیلا میں عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی سے ملاقات کی ہے۔

یہ ملاقات آسیان ریجنل فورم 2026 کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور عمان کے تعلقات کی موجودہ رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ سطح رابطوں، تجارت، سرمایہ کاری، عوامی روابط اور بزنس ٹو بزنس تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں تازہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور جنگ بندی برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کا احترام، سفارتی راستے اور دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

ملاقات میں پاکستان اور عمان نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں