پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ چین کے شہر شنگھائی پہنچ گئے ہیں۔ وفد 16 سے 17 جولائی 2026 تک چین میں قیام کرے گا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے قیام سے متعلق معاہدے کی دستخطی تقریب میں شرکت کریں گے اور پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ پاکستان اس تنظیم میں بانی رکن کی حیثیت سے شامل ہوگا۔
نائب وزیراعظم 17 جولائی کو عالمی مصنوعی ذہانت کانفرنس 2026 کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس کے موقع پر وہ مختلف ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی دلچسپی اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوگا۔
شنگھائی ایئرپورٹ پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور نائب میئر وو وی، چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان اور شنگھائی میں پاکستانی قونصل جنرل شہزاد احمد خان نے کیا۔
پاکستان عالمی مصنوعی ذہانت تعاون تنظیم کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی تک مساوی رسائی، ترقی پذیر ممالک کی استعداد بڑھانے اور عالمی اے آئی نظام میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دے گا۔