ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور دوطرفہ سلامتی، مؤثر سرحدی انتظام اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پُرامن حل کی حوصلہ افزائی کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں اور اہم سفارتی کردار کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے علاقائی سلامتی، مؤثر سرحدی تعاون اور باہمی خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی رابطوں اور مشترکہ تعاون کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔