نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے، بھارتی سیاح جاں بحق

نیپال میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب دو ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے سے ایک بھارتی سیاح جاں بحق جبکہ نیوزی لینڈ کا ایک شہری اور دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ حادثہ منگل، 3 نومبر کو ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے میں پیش آیا، جب دونوں ہیلی کاپٹر لینڈنگ کی کوشش کر رہے تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نیپال کے ضلع سولوکھمبو کے چیف ڈسٹرکٹ آفیسر کمان سنگھ تھاپا مگر نے بتایا کہ حادثہ ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کے علاقے میں پیش آیا۔ ان کے مطابق زخمی ہونے والے نیوزی لینڈ کے شہری کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔

حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر نیپال کی دو نجی فضائی کمپنیوں فش ٹیل ایئر (Fishtail Air) اور ڈائنسٹی ایئر (Dynasty Air) کے زیرِ استعمال تھے۔ فش ٹیل ایئر نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کا ہیلی کاپٹر ماؤنٹ ایورسٹ کے علاقے سے ریسکیو کیے گئے مسافروں کو لے کر جا رہا تھا اور لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔

فش ٹیل ایئر کے ایک عہدیدار کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار بھارتی اور نیوزی لینڈ کے شہری سیاح تھے۔ دوسری جانب ڈائنسٹی ایئر کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ان کے ہیلی کاپٹر میں مسافروں کے بجائے صرف سامان موجود تھا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حادثہ ماؤنٹ ایورسٹ بیس کیمپ کے راستے میں واقع فیریچے نامی علاقے میں پیش آیا، جو سطح سمندر سے تقریباً 4 ہزار 200 میٹر کی بلندی پر واقع ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق حادثے میں ایک نیپالی پائلٹ بھی زخمی ہوا، جبکہ بھارتی سیاح کی عمر 47 سال بتائی گئی ہے۔

ماؤنٹ ایورسٹ کا علاقہ نیپال کے اہم سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال دنیا بھر سے ہزاروں کوہ پیما اور سیاح آتے ہیں۔ اس علاقے میں سڑکوں کی محدود دستیابی اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باعث ہیلی کاپٹروں کو سیاحوں، کوہ پیماؤں اور ہنگامی حالات میں پھنسے ہوئے افراد کی نقل و حمل کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب نیپال میں کوہ پیمائی اور پہاڑی سیاحت کا اہم موسم جاری ہے۔ اس دوران ہیلی کاپٹروں کی پروازوں میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں