انڈیا میں طلبہ کا احتجاج، بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان مستعفی

بھارت میں امتحانی پرچے لیک ہونے کے خلاف کئی ہفتوں سے جاری نوجوانوں کے احتجاج کے بعد وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

دھرمیندر پردھان نے ہفتے کے روز جاری خط میں کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نریندر مودی کو بھجوا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات ان کے لیے ذاتی وقار کا معاملہ نہیں، بلکہ طلبہ کے مستقبل اور ملک کے اتحاد کا سوال ہیں۔

یہ احتجاج مئی میں ہونے والے نیٹ یو جی امتحان کے پرچے لیک ہونے اور مبینہ بے ضابطگیوں کے بعد شروع ہوئے تھے۔ تقریباً 20 لاکھ طلبہ نے یہ امتحان دیا تھا، جسے بعد میں منسوخ کرکے دوبارہ منعقد کیا گیا۔ معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے بھی کی گئیں۔

طلبہ تنظیموں اور مظاہرین کا سب سے بڑا مطالبہ وزیرِ تعلیم کا استعفیٰ تھا۔ دہلی سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے، جبکہ پولیس اور احتجاج کرنے والے نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں بھی سامنے آئیں۔

دھرمیندر پردھان نے اپنے خط میں کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کسی طالب علم کا مستقبل قانونی پیچیدگیوں یا احتجاجی صورتحال سے متاثر ہو۔

ان کا استعفیٰ احتجاج کرنے والے طلبہ کے لیے ایک بڑی سیاسی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، تاہم امتحانی نظام میں شفافیت اور مستقل اصلاحات کا مطالبہ اب بھی برقرار ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں