یمن میں حو-ثیوں کے فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحییٰ س-ریع نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے تین صوبوں پر مجموعی طور پر 38 فضائی اور میزائل حملے کیے، جن میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری جاں بحق اور زخمی ہوئے۔ ان دعوؤں میں بتائی گئی شہری ہلاکتوں کی آزاد ذرائع سے فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔
یمنی ذرائع ابلاغ کے مطابق یحییٰ س-ریع نے اپنے بیان میں کہا کہ حملوں میں تعز، صعدہ اور حجہ کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ صعدہ میں بھی فضائی کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
یحییٰ سریع کے مطابق فضائی حملوں میں ایف-15 اور ٹائفون لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا، جنہوں نے خمیس مشیط اور طائف کے فضائی اڈوں سے پرواز کی، جبکہ میزائل حملے نجران اور جیزان کی جانب سے کیے گئے۔
حو-ثی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ تازہ حملوں میں شہریوں کا جانی نقصان ہوا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد نہیں بتائی۔
یحییٰ سریع کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ کشیدگی کے آغاز سے اب تک سعودی فضائی اور میزائل حملوں کی مجموعی تعداد 1,123 تک پہنچ چکی ہے۔ یہ اعداد حو-ثی فوجی ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں۔
یمن میں حالیہ دنوں کے دوران لڑائی میں ایک بار پھر شدت آئی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق تازہ تشدد میں شہری آبادی، بے گھر افراد کے کیمپوں اور طبی مراکز کو بھی نقصان پہنچا ہے، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔