مری میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین سڑک سے اترنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آگئی، جس کے نتیجے میں 10 بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی بچوں میں سے تین کو شدید جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔
مری پولیس نے بتایا کہ واقعہ بارہ ہوتر لنک روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی سوزوکی بولان سڑک سے اتر گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں، بچوں کو گاڑی سے نکال کر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 12 افراد کو ہسپتال لایا گیا، جن میں دو بالغ افراد اور پانچ سے 14 سال کی عمر کے 10 بچے شامل تھے۔ ان میں سے 10 افراد مختلف درجے تک جھلسنے سے زخمی ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ تین بچوں کو شدید جھلسنے کے زخم آئے۔ ایک بچے کا جسم 42 فیصد، دوسرے کا 38 فیصد جبکہ تیسرے کا 26 فیصد جھلس گیا۔
مری پولیس کے مطابق وین کے حادثے اور اس میں آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور واقعے کی تحقیقات کے بعد ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری رضا تنویر سپرا نے ہسپتال کا دورہ کرکے زخمی بچوں کی عیادت بھی کی۔
ڈی پی او کے مطابق پولیس زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، جبکہ دوسرے ہسپتالوں میں ریفر کیے گئے زخمیوں کے علاج کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔