حکومت اسلام آباد کو صحت کے شعبے میں ایک مثالی شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال

پاکستان کے وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے پیر کے روز اسلام آباد کے بڑے سرکاری اسپتالوں، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اور پولی کلینک کی استعداد بڑھانے اور طبی سہولیات کو جدید بنانے کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس بلایا۔

وزارتِ صحت کے مطابق، اجلاس میں دونوں اسپتالوں کے سربراہان نے شرکت کی جبکہ ماہرینِ مشاورت نے مجوزہ اپ گریڈیشن منصوبوں اور وفاقی دارالحکومت کی مستقبل کی طبی ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

سید مصطفیٰ کمال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اسلام آباد کو صحت کے شعبے میں ایک مثالی شہر بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے جدید ترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی بڑھتی ہوئی آبادی کے علاوہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر دور دراز علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں مریض علاج کے لیے دارالحکومت آتے ہیں، اس لیے مستقبل کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔

وفاقی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ آئندہ 20 برس کی طبی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ ان کے مطابق، اسلام آباد کے بڑے اسپتالوں کے لیے طویل مدتی طبی ڈھانچے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے پمز اور پولی کلینک کے تمام شعبوں، جن میں مریضوں کی دیکھ بھال، صفائی کے نظام اور انفیکشن کنٹرول کے انتظامات شامل ہیں، کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کی ہدایت بھی کی۔

سید مصطفیٰ کمال نے متعلقہ حکام کو مرحلہ وار بنیادوں پر جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سرٹیفکیشن حاصل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ اسپتالوں کو عالمی سطح کے طبی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال کو آئندہ دو برس میں عالمی معیار کے مطابق لانے کے لیے جوائنٹ کمیشن انٹرنیشنل سرٹیفکیشن حاصل کی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر وزیرِ صحت نے متعلقہ ٹیموں اور مشیروں کو ہدایت کی کہ تین ہفتوں کے اندر جامع اور قابلِ عمل سفارشات پیش کی جائیں تاکہ مستقبل کے لیے ایک مؤثر اور پائیدار حکمتِ عملی تیار کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں