نو تعینات کمانڈر نیشنل اسٹریٹیجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشان امتیاز ملٹری دینے کی منظوری

صدر آصف علی زرداری نے نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے کمانڈر جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز ملٹری دینے کی منظوری دے دی ہے۔

ایوانِ صدر کے مطابق جنرل سید عامر رضا اس سے قبل ہلالِ امتیاز ملٹری اور ستارۂ بسالت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

حکومت نے گزشتہ ہفتے انہیں پاکستان کا پہلا کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔ اس موقع پر انہیں لیفٹیننٹ جنرل سے ترقی دے کر جنرل کا عہدہ بھی دیا گیا۔

نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ ایک نیا چار ستارہ عہدہ ہے، جو بری، بحری اور فضائی افواج کی اسٹریٹجک کمانڈز کو ایک متحدہ عملی نظام کے تحت چلانے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ تاہم جوہری پالیسی اور اس کے استعمال سے متعلق حتمی اختیار وزیراعظم کی سربراہی میں قائم نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے پاس رہے گا۔

اس عہدے کی مدت تین سال ہوگی اور تقرری وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر، حاضر سروس فوجی جرنیلوں میں سے کریں گے۔

جنرل سید عامر رضا اس سے قبل چیف آف جنرل اسٹاف کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ لاہور کے فور کور، ایک آرمرڈ رجمنٹ، آرمرڈ بریگیڈ، جنوبی وزیرستان میں ایک انفنٹری بریگیڈ اور ایک انفنٹری ڈویژن کی کمان بھی کر چکے ہیں۔

وہ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے سربراہ، ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور ٹو کور کے چیف آف اسٹاف بھی رہ چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں