پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ خالد محمود طویل علالت کے بعد 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے بیٹے کے مطابق نمازِ جنازہ جمعہ کو فیصل آباد میں ادا کی جائے گی۔
خالد محمود 28 دسمبر 1941 کو جہلم میں پیدا ہوئے اور پاکستان ہاکی کے سنہری دور کے نمایاں کھلاڑیوں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ رائٹ آؤٹ پوزیشن پر کھیلتے تھے اور کئی بڑے بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
وہ 1964 کے ٹوکیو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے، جبکہ 1966 کے ایشین گیمز میں بھی پاکستان نے ان کی موجودگی میں سلور میڈل حاصل کیا۔
1968 کے میکسیکو اولمپکس میں خالد محمود نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کی نمائندگی کی۔ بعد ازاں وہ 1970 کے بنکاک ایشین گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی اسکواڈ کا حصہ رہے۔
اپنے کھیل کے کیریئر کے بعد خالد محمود نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جبکہ قومی ہاکی ٹیم کے منیجر بھی رہے۔
ان کے انتقال پر انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن، ایشین ہاکی فیڈریشن اور پاکستان کی ہاکی برادری، سابق اولمپینز اور کھلاڑیوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔