دنیا کے معروف فٹبالر اور پرتگال سے تعلق رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو اپنی دیرینہ دوست جارجینا روڈریگیز کے ساتھ پرتگال کے جزیرے مڈیرا میں شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب 8 اگست کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ مڈیرا وہی جزیرہ ہے جہاں رونالڈو پیدا ہوئے اور اپنا بچپن گزارا، تاہم دونوں کی جانب سے شادی کی تاریخ یا تقریب کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
برطانوی جریدے کی رپورٹ کے مطابق شادی کی رسومات مڈیرا کے فنچل کیتھیڈرل چرچ میں ادا کی جائیں گی، جس کے بعد مہمانوں کے لیے ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں شاندار استقبالیے کا اہتمام کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے انتظامات کے باعث لگژری ہوٹل کے دو فلورز اور متعدد بارز جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گے۔ ہوٹل میں جاری غیر معمولی تیاریوں کے باعث قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں کہ یہ انتظامات رونالڈو اور جارجینا کی شادی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
پرتگالی میڈیا نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ رونالڈو فیفا ورلڈ کپ 2026 کے بعد شادی کریں گے۔ رونالڈو اور جارجینا پہلی بار 2016 میں ملے تھے، جبکہ دونوں نے اگست 2025 میں منگنی کی تھی۔ اس جوڑے کے پانچ بچے ہیں۔
رونالڈو نے بعد میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی بڑی بیٹی نے جارجینا روڈریگیز کو شادی کی پیشکش کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔