پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث مختلف دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہے، جبکہ بعض مقامات پر نچلے اور درمیانے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریاؤں کے بہاؤ میں مجموعی طور پر استحکام رہا۔ دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے چناب میں سیلابی صورتحال میں بتدریج کمی آ رہی ہے اور خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقامات پر بھی نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے راوی میں سدھنائی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ شاہدرہ اور بلوکی میں پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔ دریائے جہلم اور ستلج میں بھی صورتحال نارمل بتائی گئی ہے۔
ادھر وزیرآباد کے نالہ پلکھو میں اونچے درجے جبکہ نارووال کے نالہ بسنتر میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی آمد میں اضافہ ہوا، تاہم گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں طغیانی میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ اس کے بالائی کیچمنٹ علاقوں میں بارشیں رک چکی ہیں۔
انہوں نے دریاؤں کے کناروں اور پاٹ میں موجود شہریوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انتظامات مکمل ہیں اور فلڈ ریلیف کیمپوں میں بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم اور سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے کناروں پر غیر ضروری آمدورفت اور تفریح سے گریز کریں، دریاؤں کو عبور کرنے کے لیے صرف معیاری کشتیوں اور لائف جیکٹس کا استعمال کریں، جبکہ بچوں کو ہرگز دریاؤں اور ندی نالوں میں نہانے نہ دیا جائے۔