چین کے شمالی صوبہ گانسو میں اچانک آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 25 ہو گئی ہے، جبکہ 23 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق 26 جولائی کو شوانگ شیمن سیاحتی مقام پر اچانک سیلاب آیا تھا۔ یہ علاقہ کیمپنگ کے لیے مشہور ہے، جہاں متعدد خیمے اور گاڑیاں موجود تھیں۔
سیلاب کی ویڈیوز میں پانی کا تیز ریلہ وادی سے گزرتے ہوئے خیموں اور گاڑیوں کو بہاتا دکھائی دیتا ہے۔ چین کے قومی کمیشن برائے قدرتی آفات نے واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کا اعلان کیا ہے۔
حکام نے مسلسل بارشوں کے باعث مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے، خصوصاً ڈنگشی کے علاقے میں۔ بیجنگ اور اندرونِ منگولیا میں بھی شدید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے حوالے سے موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
چین کے مختلف حصے رواں موسمِ گرما میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔