والٹ ڈزنی کمپنی نے مقبول اینیمیٹڈ فلم ’زوٹوپیا‘ کے تیسرے حصے پر کام شروع کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ ’زوٹوپیا 2‘ کی باکس آفس پر شاندار کامیابی کے بعد ڈزنی کے اعلیٰ عہدیداروں نے نئی فلم کے حوالے سے اہم تفصیلات شیئر کی ہیں، جس میں کہانی کے نئے کرداروں اور ممکنہ دائرہ کار سے متعلق اشارے بھی دیے گئے ہیں۔
ڈزنی اینیمیشن کے چیف کری ایٹو آفیسر اور پہلی دونوں فلموں کے شریک مصنف جیرڈ بش نے ویب سائٹ کولائیڈر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’زوٹوپیا 3‘ کو مکمل طور پر تیار کرنے اور اسے درست انداز میں پیش کرنے میں کافی وقت درکار ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ زوٹوپیا کی دنیا پر مبنی کسی بھی نئی فلم میں جوڈی اور نک مرکزی کرداروں کے طور پر موجود رہیں گے۔
جیرڈ بش نے نئی فلم کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ اس میں پرندوں کو بھی زوٹوپیا کی دنیا کا حصہ بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق دوسری فلم کے اختتام پر ایک پر کا مختصر منظر دکھایا گیا تھا، جس کے ذریعے نئی کہانی کی جانب اشارہ کیا گیا۔ انہوں نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ تیسری فلم میں پہلی مرتبہ کہانی زوٹوپیا شہر کی حدود سے باہر بھی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زوٹوپیا کی دنیا میں پرندوں اور رینگنے والے جانوروں کو متعارف کرانے کا خیال نیا نہیں، بلکہ پہلی فلم کی تیاری کے دوران ہی ان کے اور شریک تخلیق کار بائرن ہاورڈ کے درمیان اس حوالے سے گفتگو ہوئی تھی۔ جیرڈ بش کے مطابق وہ تقریباً 15 سال پہلے سے اس بات پر غور کر رہے تھے کہ مستقبل میں اس دنیا میں مختلف اقسام کے جانوروں کو شامل کرکے مزید کہانیاں پیش کی جائیں۔
فلم کی ریلیز کے حوالے سے جیرڈ بش نے فی الحال کوئی حتمی تاریخ نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی فلم کی تیاری اور ریلیز میں مزید کئی سال لگ سکتے ہیں، کیونکہ اس کا انحصار فلم کی پیش رفت، اس دوران ریلیز ہونے والی دیگر فلموں اور مجموعی حالات پر ہوگا۔
دوسری جانب نئی فلم میں سابقہ کرداروں کی آوازیں فراہم کرنے والے فنکاروں کی واپسی متوقع ہے۔ جوڈی ہاپس کی آواز دینے والی جنیفر گڈون، نک وائلڈ کے کردار کی آواز دینے والے جیسن بیٹمین اور دوسرے حصے میں گیری ڈی اسنیک کی آواز دینے والے کی ہوئی کوان اپنے کردار دوبارہ ادا کریں گے۔ واضح رہے کہ ’زوٹوپیا 2‘ گزشتہ سال نومبر میں سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور دنیا بھر میں اس کی ابتدائی نمائش کو اینیمیٹڈ فلموں کی بڑی کامیابیوں میں شمار کیا گیا تھا۔