رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کی ایڈوانس بکنگ 15 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی

بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ کی بھارت میں ایڈوانس بکنگ 15 کروڑ 60 لاکھ بھارتی روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ فلم 5 نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

ہدایت کار نتیش تیواری کی اس فلم نے ریلیز سے پہلے ہی شائقین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ ہندی ورژن کی ایڈوانس بکنگ سب سے زیادہ ہے، جس سے 13 کروڑ 9 لاکھ روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

فلم کی 28 اکتوبر کو لاس اینجلس میں خصوصی نمائش ہوئی، جہاں ناظرین نے اس کے بصری اثرات، بڑے پیمانے پر فلم بندی اور اداکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔

فلمی نقاد ایڈورڈ ڈگلس نے ’رامائن‘ کا موازنہ ’دی اوڈیسی‘ اور ’دی ٹین کمانڈمنٹس‘ جیسی داستانوں سے کیا، جبکہ بعض ناظرین نے اس کے شاندار مناظر کو ’لارڈ آف دی رنگز‘ سے بھی تشبیہ دی۔

اداکار یش کی راون کے کردار میں پرفارمنس کو بھی سراہا گیا، تاہم انگریزی ڈبنگ پر بعض ناظرین نے اعتراضات اٹھائے۔ ان کے مطابق کچھ مناظر میں کرداروں کے ہونٹوں کی حرکت غیر فطری دکھائی دیتی ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت کے استعمال کا شبہ بھی ظاہر کیا گیا، جس کی تصدیق نہیں ہوئی۔

فلم کی بیرونِ ملک ایڈوانس بکنگ 25 لاکھ 80 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جس میں شمالی امریکہ سب سے آگے ہے۔ تاہم فلم کی حقیقی کامیابی کا اندازہ ریلیز کے بعد باکس آفس پر اس کی کارکردگی سے ہی لگایا جا سکے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں