امریکی صدر جوبائیڈن نے سابق صدر جمی کارٹر کی سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کا اعلان کیا ہے۔ جمی کارٹر، جو امریکا کے 39 ویں صدر تھے، اتوار کی دوپہر جارجیا میں اپنے گھر پر انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 100 برس تھی، اور وہ پہلے امریکی صدر تھے جنہوں نے 100 سالہ زندگی پائی۔
صدر جوبائیڈن نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ امریکا اور دنیا نے ایک غیر معمولی رہنما، سیاستدان، اور انسان دوست کو کھو دیا۔ انہوں نے جمی کارٹر کی شخصیت کو اصول، ایمان، اور انسان دوستی کی علامت قرار دیا۔ بائیڈن نے کہا کہ جو شخص مقصد اور بامعنی زندگی گزارنے کے راز کو سمجھنا چاہتا ہے، اسے جمی کارٹر کا مطالعہ کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ جمی کارٹر نے 1977 سے 1981 تک امریکی صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کا تعلق ڈیموکریٹک پارٹی سے تھا۔ ان کے انتقال پر دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔