دو دن قبل موقر امریکی اخبار نیویارک ٹآئمز نے اپنی ایک ایکسکلیوسو رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایک کابینہ میٹنگ میں صدر ٹرمپ کے وزیر خارجہ مارک روبیو اور صدر کے خصوصی مشیر ٹوئٹر ایکس کے مالک ایلون مسک کے مابین جھڑپ ہوئی ہے اور اب ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے تمام محکموں کو یہ میمو بھیج دیا گیا ہے کہ ایلون مسک کا سٹیٹس ایک ایڈوائزر کا ہے ، وہ کسی قسم کے اختیارات نہیں رکھتے۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسیوں اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں کابینہ اجلاس کے دوران ایلون مسک نے پہلے مارکو روبیو اور الگ سے سیکریٹری ٹرانسپورٹیشن شان ڈیفی سے بحث کی جبکہ اس وقت کیبنٹ میٹنگ کی صدارت ڈونلڈ ٹرمپ ہی کر رہے تھے۔
نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اجلاس میں ایلون مسک نے مارکو روبیو سے کہا کہ وہ صرف ’ٹی وی پر ہی اچھے ہیں‘ اور یہ کہ انہوں نے اپنی وزارت یا محکمہ سے کسی ملازم کو برطرف نہیں کیا سوائے ایک شخص کے جو ڈیپارٹمنٹ آف گورنمنٹ ایفیشنسی کے لیے کام کر رہا تھا۔
سیکریٹری خارجہ روبیو نے ایلون مسک پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سچ نہیں بول رہے کیونکہ محکمہ خارجہ کے 1,500 اہلکاروں نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ قبول کر لی ہے۔
مارک روبیو نے ایلون مسک پر طنز کیا کہ ان ملازمین کو دوبارہ ملازمت سے برطرف کرنے کے لیے مزید شاندار طریقے سے نوکری پر رکھنا چاہیے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق اسی طرح ٹرانپسورٹیشن کے وزیر شان ڈیفی نے ایلون مسک کے محکمے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُس نے فضائی ٹریفک کے اہم کنٹرولرز کو برطرف کرنے کی کوشش کی جبکہ وہ طیاروں کے کئی حادثات سے نبرد آزما تھے۔ اسی دوران ایلون مسک نے اُن پر اس حوالے سے جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا۔
اس پر صدر ٹرمپ نے مداخلت کر کے بحث ختم کرائی۔ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ کٹوتیاں جاری رہیں گی لیکن اب ’کلہاڑی‘ کے بجائے ’چھری‘ کا استعمال کیا جائے گا۔ اس بات سے انہوں نے عندیہ دیا کہ ایلون مسک کو اپنا کام جاری رکھنے دیا جائے گا تاہم اس کا طریقہ بدل دیا جائے گا۔
ان رپورٹوں کے تناظر میں جب صدر ٹرمپ سے صحافیوں نے گزشتہ روز پوچھا تو صدر ٹرمپ نے اس کی تردید کرتے ہوئے رپورٹ کو مسترد کر دیا۔
صدر ٹرمپ نے نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے حوالے سے سوال پر جواب دیا کہ ’کوئی تصادم نہیں ہوا، میں وہاں تھا، آپ صرف ایک پریشانی پیدا کرنے والوں میں سے ہیں۔‘
صدر ٹرمپ نے ایلون مسک اور مارکو روبیو کے بارے میں کہا کہ ’وہ دونوں بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وہ دونوں بہت اچھے طریقے سے ساتھ ہیں۔