بنگلہ دیش میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے وزیراعظم طارق رحمان کی تین ماہ تک صفائی اور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت

بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان 12 ستمبر سے ڈینگی کی روک تھام کے لیے تین ماہ کی خصوصی صفائی اور عوامی آگاہی مہم کا آغاز کریں گے۔ حکومت کے مطابق آنے والے تین ماہ ڈینگی کے حوالے سے زیادہ خطرے کا عرصہ سمجھے جاتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے سرکاری خبر رساں ادارے بی ایس ایس کے مطابق وزیراعظم طارق رحمان نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے مقامی انتظامیہ، رضاکار تنظیموں اور طلبہ کو شامل کرتے ہوئے مشترکہ سطح پر سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام صرف مچھروں کے خاتمے تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ صفائی اور عوامی آگاہی پر بھی زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ حکومتی اقدامات کے ساتھ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

مہم کے تحت بڑے شہروں میں متعلقہ سٹی کارپوریشنز سرگرمیوں کی نگرانی کریں گی، جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور مقامی سطح پر انتظامی افسران صفائی اور آگاہی پروگرام کی نگرانی کریں گے۔

ہر ہفتے ہفتے کے روز رضاکار اور طلبہ گھروں، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات کا دورہ کریں گے۔ وہ صفائی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ ایسے مقامات کی نشاندہی بھی کریں گے جہاں ڈینگی پھیلانے والے ایڈیز مچھر کی افزائش ہو سکتی ہے۔

اس مہم میں وزارتِ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اینڈ ریلیف کے رضاکاروں کے علاوہ اسکاؤٹس، بنگلہ دیش نیشنل کیڈٹ کور، گرل گائیڈز، بنگلہ دیش ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اور اسکول و کالج کے طلبہ بھی حصہ لیں گے۔

وزیراعظم طارق رحمان نے ٹی وی، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ڈینگی سے بچاؤ کے پیغامات زیادہ سے زیادہ عوام تک پہنچانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگلے تین ماہ انتہائی اہم ہیں اور حکومتی کوششوں کے ساتھ عوامی شرکت بھی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں