ورلڈکپ فائنل کے بعد ارجنٹینا کا ہمارے کھلاڑیوں کے ساتھ رویہ ناقابل قبول تھا، اسپین کوچ

اسپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے ورلڈکپ فائنل کے بعد ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے رویے کو “ناقابل برداشت اور ناقابل قبول” قرار دیا ہے۔

فیفا نے اتوار کو کھیلے گئے فائنل کے بعد میدان میں ہونے والی تلخ جھڑپوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

اسپین نے اضافی وقت میں ارجنٹینا کو 0-1 سے شکست دے کر ورلڈکپ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

فائنل کے بعد ارجنٹینا کے مڈفیلڈر لیاندرو پاریڈیس کی اسپین کے ایرک گارسیا اور گاوی کے ساتھ تلخ کلامی اور ہاتھا پائی ہوئی۔ اسی دوران اسپین کے کپتان روڈری کو بھی اس وقت پیٹ میں مکاّ لگا جب وہ ارجنٹینا کے دفاعی کھلاڑی ناہویل مولینا کے قریب سے گزر رہے تھے۔

لوئس ڈی لا فوینتے نے ہسپانوی سرکاری نشریاتی ادارے ٹی وی ای سے گفتگو میں کہا کہ ایسے واقعات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کے مطابق وہ اس وقت جشن منا رہے تھے، اس لیے انہوں نے یہ مناظر براہ راست نہیں دیکھے، مگر بعد میں جو کچھ سامنے آیا وہ ناقابل قبول تھا۔

اسپین کوچ نے کہا کہ ایسے بڑے کھلاڑیوں سے، جن کی وہ فائنل سے پہلے تعریف کر رہے تھے اور جن کے پاس ایک شاندار کوچ بھی ہے، اس طرح کا رویہ توقع کے خلاف تھا۔

ارجنٹینا کے اسسٹنٹ کوچ روبرٹو ایالا نے بدھ کو دانی اولمو کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر معذرت کی۔ ایالا نے کہا کہ ان کا عمل مکا نہیں بلکہ دھکا تھا، تاہم انہوں نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

لوئس ڈی لا فوینتے نے اس صورتحال میں اپنے کھلاڑیوں کے رویے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اسپین کے کھلاڑیوں نے اشتعال اور جارحانہ رویے کے باوجود تحمل برقرار رکھا اور حقیقی پیشہ ور کھلاڑیوں کی طرح برتاؤ کیا۔

فائنل کے بعد اسپین کے کھلاڑیوں نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کے لیے گارڈ آف آنر بھی بنایا، جب وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے میڈلز لینے جا رہے تھے۔ تاہم جب چند منٹ بعد روڈری نے ٹرافی اٹھائی تو ارجنٹینا کے بیشتر کھلاڑیوں نے اس رسمی لمحے کے دوران اپنی پشت موڑ لی۔

فیفا نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ تحقیقات کا دائرہ کتنا وسیع ہوگا یا اسپین کے کھلاڑیوں اور اسٹاف کے بیانات لیے جائیں گے یا نہیں۔

فیفا کے نظم و ضبط کے قوانین کے تحت خصوصی پراسیکیوٹر ممکنہ خلاف ورزیوں پر کارروائی شروع کرنے اور کھلاڑیوں، ٹیموں یا فیڈریشنز کے خلاف پابندیوں کی سفارش کر سکتا ہے۔

فیفا نے تاحال کسی ممکنہ کارروائی یا فیصلے کے لیے کوئی ٹائم ٹیبل نہیں دیا۔ یہ بھی واضح نہیں کہ اگر ارجنٹینا کے کسی کھلاڑی پر پابندی عائد ہوتی ہے تو وہ کب لاگو ہوگی، کیونکہ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے اگلے چند ماہ میں کوئی مسابقتی میچ شیڈول نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں