اسرائیلی وزیر کی جانب سے غرب اردن کے انضمام کی تجویز خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے، سیکرٹری عرب لیگ

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط نے اسرائیلی وزیر انصاف یاریو لیوین کے اُس بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے موجودہ حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غرب اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے کی بات کی تھی۔ انہوں نے اس تجویز کو “انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ” قرار دیا۔

ا بو الغیط کا کہنا تھا کہ غرب اردن کو اسرائیل میں ضم کرنا دائیں بازو کی انتہا پسند اسرائیلی قوتوں کا دیرینہ مقصد ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین پالیسی کے خلاف مضبوط موقف اپنائے کیونکہ بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی رائے عامہ کے مطابق غرب اردن فلسطینی سرزمین ہے، جو قابض قوت کے کنٹرول میں ہے۔ اس کا انضمام ایک “سیاسی غنڈہ گردی” ہے، جو عالمی اقدار اور بین الاقوامی ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسرائیلی وزیر انصاف یاریو لیوین نے کہا کہ “اب وقت آ گیا ہے کہ اسرائیل غرب اردن کو اپنے اندر شامل کر لے”۔ ان کے بقول، یہ معاملہ اسرائیلی ترجیحات میں سرفہرست ہونا چاہیے۔

دوسری طرف فلسطینی صدارتی دفتر نے اسرائیلی اقدامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ غرب اردن کے انضمام کی کوششیں فلسطینی عوام کے خلاف “ہمہ گیر جنگ” کا حصہ ہیں، جو پورے خطے کو تباہی کے دہانے پر لے جا سکتی ہیں۔’

اپنا تبصرہ لکھیں