تھری ایڈیٹس میں “رانچو” کا کردار سونم وانگچک سے متاثر نہیں تھا، عامر خان کی وضاحت

بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اس تاثر کو مسترد کر دیا ہے کہ فلم ‘تھری ایڈیٹس’ کا کردار “رانچو’ یا “فن سکھ وانگڈو” بھارتی انجینئر اور تعلیمی اصلاحات کے کارکن سونم وانگچک سے متاثر تھا۔

عامر خان نے لندن انڈین فلم فیسٹیول میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم بناتے وقت نہ وہ سونم وانگچک کو جانتے تھے اور نہ ہی فلم کے لکھاری راج کمار ہیرانی اور ابھیجیت جوشی ان کے بارے میں آگاہ تھے۔

عامر خان سے جب سونم وانگچک کی جاری بھوک ہڑتال کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ تھری ایڈیٹس سے متعلق یہ ایک غلط فہمی ہے۔ اداکار نے کہا کہ مسٹر سونم جو کام کر رہے ہیں، اس کا احترام کرنے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ تھری ایڈیٹس کے کردار پر مبنی ہوں۔ عامر خان نے کہا کہ سونم وانگچک خود بھی واضح کر چکے ہیں کہ فلم کا کردار ان پر مبنی نہیں تھا۔

اسی گفتگو کے دوران عامر خان نے اداکار اومی ویدیا کی حالیہ ویڈیو کا بھی ذکر کیا، جس میں انہوں نے اپنے مشہور کردار چتُر کے انداز میں سونم وانگچک کی حمایت کی تھی۔ عامر خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ “چتُر غلط تھا۔”

اومی ویدیا نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ “فن سکھ وانگڈو” مر جائے۔

عامر خان نے سونم وانگچک کی صحت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سب لوگ ان کی زندگی اور صحت کے بارے میں فکر مند ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دیں گے۔

سونم وانگچک اس وقت نئی دہلی کے جنتر منتر پر بھوک ہڑتال پر ہیں، جہاں وہ نیٹ امتحان میں مبینہ بے ضابطگیوں، تعلیمی اصلاحات اور بھارتی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

سونم وانگچک پہلے بھی ‘تھری ایڈیٹس’ سے اپنی وابستگی کے تاثر کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے ایک پرانی گفتگو میں کہا تھا کہ فلم بنانے والوں نے ان سے رابطہ نہیں کیا تھا اور نہ ہی کردار کے لیے ان کی اجازت لی گئی تھی۔

سونم وانگچک کے مطابق انہوں نے 2008 میں ایک تقریب کے دوران عامر خان سے ملاقات کی تھی اور انہیں سیاچین کے تنازع پر فلم بنانے کی تجویز دی تھی۔

وانگچک کا کہنا تھا کہ انہوں نے عامر خان سے کہا تھا کہ ایسی فلم بنائی جائے جس میں دکھایا جائے کہ دونوں ملکوں کے عام لوگ سیاچین کا مسئلہ حل کریں اور جنگ پر خرچ ہونے والا پیسہ تعلیم پر لگایا جائے۔

ان کے مطابق تھری ایڈیٹس کی ریلیز کے بعد لوگوں نے انہیں مبارک باد دینا شروع کر دی کہ فلم ان پر بنی ہے، جس پر وہ حیران ہوئے۔ سونم وانگچک نے کہا تھا کہ انہیں بعد میں معلوم ہوا کہ فلم کی ٹیم ان کے اسکول بھی گئی تھی، مگر اجازت نہ ملنے کے بعد قریبی اسکول میں شوٹنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس معاملے پر فوری اعتراض اس لیے نہیں کیا، کیونکہ وہ نہیں چاہتے تھے کہ لوگ سمجھیں کہ وہ فلم سازوں سے پیسے مانگ رہے ہیں۔

عامر خان کی وضاحت کے بعد ایک بار پھر یہ بحث سامنے آ گئی ہے کہ تھری ایڈیٹس کا مشہور کردار رانچو حقیقت میں کس سے متاثر تھا۔ تاہم عامر خان کے مطابق یہ خیال درست نہیں کہ رانچو یا فن سکھ وانگڈو، سونم وانگچک کی زندگی پر مبنی کردار تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں