پاک بھارت جنگ بندی کے بعد پی ایس ایل 10 کا نیاشیڈول جاری

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ 8 میچز کا حتمی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پہلا میچ 17 مئی کو راولپنڈی میں اور فائنل 25 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 10 کے باقی میچز کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ، پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق، 17 مئی بروز ہفتہ پہلا میچ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ 18 مئی کو اسی اسٹیڈیم میں دو میچ ہوں گے۔ پہلا دوپہر میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان، جبکہ دوسرا شام میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان ہوگا۔

ایونٹ کا آخری گروپ میچ 19 مئی کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد پہلا کوالیفائر 21 مئی کو لاہور میں ہوگا، جبکہ ایلیمینیٹر 1 اور کوالیفائر 2 بالترتیب 22 اور 23 مئی کو منعقد ہوں گے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق، دوپہر کے میچز سہ پہر 3 بجے اور شام کے میچز رات 7:30 بجے شروع ہوں گے۔ فائنل میچ 25 مئی کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جبکہ ٹکٹوں کی تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں