آن لائن ویڈیو چیٹ میں انگلش سمجھنے میں مشکل؟ گوگل نے نیا فیچر متعارف کرا دیا

اگر آپ کو آن لائن ویڈیو یا آڈیو چیٹ کے دوران انگلش بولنے اور سمجھنے میں مشکل ہوتی ہے تو خوش ہو جائیے، کیونکہ اب گوگل نے اس مسئلے کا شاندار حل پیش کر دیا ہے۔ گوگل نے اپنی سالانہ آئی/او ڈویلپر کانفرنس کے دوران گوگل میٹ کے لیے ایک نیا ریئل ٹائم اسپیس ٹرانسلیشن فیچر متعارف کرایا ہے، جو مصنوعی ذہانت (Gemini AI) پر مبنی ہوگا۔

یہ فیچر ویڈیو کال کے دوران بولی جانے والی زبان کو براہ راست آپ کی زبان میں ترجمہ کر کے سناتا ہے، وہ بھی اس انداز میں جیسے وہ بات آپ کے سامنے والا شخص آپ ہی کی زبان میں کر رہا ہو۔ نہ صرف الفاظ کا ترجمہ ہوتا ہے، بلکہ بولنے والے کی آواز، اندازِ گفتگو، اور جذباتی تاثر بھی برقرار رہتے ہیں۔ گوگل کا دعویٰ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی سب ٹائٹلز یا روبوٹ جیسی آواز کی بجائے، ایک فطری اور انسانی احساس دیتی ہے۔

کانفرنس کے دوران گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اس فیچر کا لائیو مظاہرہ بھی کیا، جس میں ایک انگلش بولنے والے شخص نے اسپینش بولنے والے سے گفتگو کی، اور دونوں کو اپنی زبان میں سنائی دیتا رہا – جیسے دونوں ایک ہی زبان بول رہے ہوں۔

یہ فیچر فی الحال انگلش اور اسپینش زبانوں میں دستیاب ہے، اور گوگل اے آئی پرو اور الٹرا کے صارفین کو بیٹا ورژن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس فیچر میں مزید زبانیں شامل کی جائیں گی اور عام صارفین کو بھی اس کی سہولت دی جائے گی۔

یہ ٹیکنالوجی نہ صرف زبان کی رکاوٹیں ختم کرنے میں مدد دے گی، بلکہ عالمی سطح پر رابطوں اور تعاون کو بھی نئی جہت دے سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں