حکومت پاکستان کی چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

وفاقی حکومت نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں ملکی سلامتی، عسکری قیادت، اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق جنرل عاصم منیر کو آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کے خلاف اعلیٰ حکمت عملی، جرات مندانہ قیادت اور فیصلہ کن کامیابی پر فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ اس آپریشن کے دوران ان کی غیر معمولی قیادت نے پاک فوج کو ایک مضبوط، مؤثر اور ہم آہنگ قوت کے طور پر ثابت کیا، جس کی بدولت پاکستان کو ’’معرکہ حق‘‘ میں تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو کی مدتِ ملازمت پوری ہونے کے باوجود ان کی خدمات جاری رکھی جائیں گی۔ کابینہ نے متفقہ طور پر اس بات کی توثیق کی کہ آپریشن بنیان مرصوص کے غازیان اور شہدا کو اعلیٰ ترین سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا، جبکہ اس آپریشن میں نمایاں خدمات انجام دینے والے عام شہریوں کو بھی قومی اعزازات دیے جائیں گے۔
وفاقی کابینہ نے اس موقع پر جنرل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جرات، استقامت اور بہترین جنگی حکمت عملی سے پاک فوج کی رہنمائی کی اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔ وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت سے ملاقات کرکے انہیں کابینہ کے اس اہم فیصلے سے آگاہ کیا اور اعتماد میں لیا۔
یاد رہے کہ جنرل عاصم منیر پاکستان کی تاریخ میں دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل کا عہدہ دیا گیا ہے، ان سے قبل صرف جنرل ایوب خان کو 1959 میں یہ رتبہ دیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ لکھیں