بھارت کا ارتھ آبزرویشن سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کا مشن تکنیکی خرابی کے باعث ناکام ہوگیا۔ بھارتی حکام کے مطابق، ریاست آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا خلائی مرکز سے اتوار کی صبح PSLV-C61 راکٹ کے ذریعے EOS-09 سیٹلائٹ کو خلا میں بھیجا گیا تھا، تاہم تیسرے مرحلے میں لانچ وہیکل میں تکنیکی خرابی کے باعث سیٹلائٹ مطلوبہ مدار تک نہ پہنچ سکا۔
بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (ISRO) نے مشن کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ PSLV-C61 راکٹ میں آنے والی تکنیکی خرابی کے سبب سیٹلائٹ اپنی منزل تک پہنچنے میں ناکام رہا۔ اس ناکامی کی وجوہات جاننے کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی تاکہ مستقبل میں ایسے مسائل سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ بھارت خلائی تحقیق کے شعبے میں 1960 کی دہائی سے سرگرم ہے اور 2014 میں مریخ کے مدار میں کامیابی سے سیٹلائٹ بھیجنے والا دنیا کا چوتھا ملک بن چکا ہے، جبکہ 2023 میں چاند کے جنوبی قطب کے قریب بھی اپنا خلائی جہاز اتار چکا ہے.