بھارتی حملوں میں پاک فضائیہ کے 5 جبکہ بری فوج کے 6 اہلکار شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، گزشتہ ہفتے بھارت کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں میں پاک فوج اور فضائیہ کے مجموعی طور پر 11 اہلکار شہید ہوئے۔
منگل کو جاری کردہ بیان کے مطابق، جھڑپوں کے دوران پاک فوج کے 6 اور پاک فضائیہ کے 5 اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جن میں فضائیہ کے ایک اسکواڈرن لیڈر بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے شہید ہونے والے پاک آرمی کے اہلکاروں کے نام درج ذیل بتائے:
نائیک عبدالرحمٰن خان
لانس نائیک دلاور خان
لانس نائیک اکرام اللہ
نائیک وقار خالد
سپاہی محمد عدیل اکبر
سپاہی نثار

جبکہ پاک فضائیہ کے شہداء میں شامل ہیں:
اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف
چیف ٹیکنیشن اورنگزیب
سینیئر ٹیکنیشن نجیب
کارپورل ٹیکنیشن فاروق
سینیئر ٹیکنیشن مبشر
آئی ایس پی آر کے مطابق، تمام اہلکار 10 مئی کو بھارتی حملوں میں شہید ہوئے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ، بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کیے گئے حملے میں 7 خواتین اور 15 بچوں سمیت مجموعی طور پر 40 شہری شہید ہوئے، جب کہ 121 افراد زخمی ہوئے، جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔
یہ جھڑپیں تقریباً چار روز تک جاری رہیں، جس کے بعد بالآخر ہفتہ کے روز پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا گیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھارتی حملوں میں شہید ہونے والے شہریوں اور زخمیوں کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، حملے میں شہید ہونے والے عام شہریوں کے لواحقین کو 1 کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ زخمی افراد کو ان کی حالت کے مطابق 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
فوجی شہداء کے حوالے سے بتایا گیا کہ، ان کے ورثاء کو ان کے رینک کے مطابق، 1 کروڑ سے 1.8 کروڑ روپے تک دیے جائیں گے، جب کہ گھر کی سہولت کے لیے بھی رینک کی بنیاد پر 1.9 کروڑ سے 4.2 کروڑ روپے تک کی رقم دی جائے گی۔
اس کے علاوہ، ہر شہید فوجی اہلکار کے اہلِ خانہ کو اس کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز دی جائے گی، جبکہ ان کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ نیز، شہید اہلکار کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔
زخمی فوجی اہلکاروں کو ان کی نوعیت کے مطابق، 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس معاوضہ دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں