ڈی جی آئی ایس پی آر نے حالیہ قومی سلامتی کے بحران پر پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ افواج پاکستان نے قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج کے ایک ایک فرد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستانی نوجوانوں نے ڈیجیٹل محاذ پر جس استقامت سے دفاع کیا، وہ قابل تحسین ہے۔ میڈیا کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جو اس دوران آہنی دیوار بنا رہا۔ سیاسی جماعتوں کی متحدہ حمایت کو بھی سراہا گیا جنہوں نے افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر یکجہتی کا ثبوت دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حالیہ آپریشن میں تینوں مسلح افواج نے مکمل ہم آہنگی اور ٹیکسٹ بک معیار کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بھارت میں 26 فوجی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جن میں کشمیر، سورت گڑھ، بھٹنڈا، اونتی پورہ، پٹھان کوٹ اور براہموس میزائلوں کے ذخائر شامل ہیں۔ بھارت کے ایس-400 بیٹری سسٹم کو بھی ہدف بنایا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ بھارتی افواج کو لائن آف کنٹرول پر شدید نقصان اٹھانا پڑا اور کئی تنصیبات تباہ کر دی گئیں جو آزاد کشمیر کے شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔ بھارتی فوج کو سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے حساس شہروں تک رسائی حاصل کی اور ڈرونز اور سائبر حملوں کے ذریعے مؤثر جواب دیا۔ آپریشن “بنیان مرصوص” کو قومی یکجہتی کی بہترین مثال قرار دیا گیا۔
آخر میں ترجمان نے واضح پیغام دیا کہ اگر پاکستان کی سالمیت کو آئندہ بھی کوئی خطرہ لاحق ہوا تو ردعمل ہر بار جامع، فیصلہ کن اور بھرپور ہوگا۔