پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے جمعے کی شب چھ بیلسٹک میزائل فائر کیے جن میں سے ایک میزائل بھارتی علاقے آدم پور میں جبکہ باقی پانچ امرتسر کے مختلف علاقوں میں آ گرے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے رات گئے ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے بھارت کی جانب سے اپنے ہی شہریوں، خصوصاً سکھ برادری، کو نشانہ بنانے کی ایک افسوسناک مثال ہیں۔ ان کے مطابق، “یہ امر نہایت تشویش ناک ہے کہ بھارت اپنی اندرونی تقسیم کو چھپانے کے لیے اپنی اقلیتوں پر خود ہی حملے کر رہا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس تمام صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کے اس اقدام سے نہ صرف علاقائی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے۔
عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت کی اس “جارحانہ اور خود تباہ کن روش” کا نوٹس لیا جائے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ابھی تک بھارت کی جانب سے اس دعوے پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔