پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد گزشتہ دو روز کے دوران پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی، تاہم جمعے کی صبح کاروباری سرگرمیوں کا آغاز مثبت ہوا اور ابتدائی 30 منٹ میں انڈیکس میں 2400 پوائنٹس سے زائد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری طرف، بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں جمعے کے روز منفی رجحان دیکھا گیا۔
پاکستانی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ، کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں 2400 سے زیادہ پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سرمایہ کاروں نے منافع لینے کے لیے حصص کی فروخت شروع کی، جس کے باعث کچھ کمی واقع ہوئی، تاہم مارکیٹ اب بھی مثبت زون میں برقرار ہے۔
یاد رہے کہ، گزشتہ چند دنوں میں پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 10,000 پوائنٹس سے زائد کی کمی دیکھی گئی تھی۔
بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان
بھارت میں جمعے کے روز اسٹاک مارکیٹ میں گراوٹ کا رجحان غالب رہا۔ ملک کے دو بڑے انڈیکس ، نفٹی اور بی ایس ای سینسیکس ، کاروبار کے آغاز پر نیچے آئے۔
نفٹی 50 انڈیکس میں ابتدائی طور پر 200 سے زیادہ پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، جبکہ بی ایس ای سینسیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کی گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔
خیال رہے کہ، 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد سے بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آ رہا تھا، جو بعض اوقات اوپر جاتا اور کبھی نیچے آتا دکھائی دیتا، لیکن جمعے کی صبح واضح گراوٹ دیکھنے کو ملی جس کی بڑی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان رات بھر جاری کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔