پاک-بھارت کشیدگی: گزشتہ رات پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 6 افراد ہلاک ، 29 زخمی

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے بتایا ہے کہ، گزشتہ رات لائن آف کنٹرول اور اس سے متصل علاقوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد جان سے گئے، جبکہ 29 افراد زخمی ہو گئے۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

جمعے کی صبح حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے جاری کی گئی نقصانات کی تفصیلی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ، بھارتی شیلنگ سے دو گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ہلاک ہونے والے چھ افراد میں سے چار کا تعلق کوٹلی، ایک کا بھمبر اور ایک کا باغ سے ہے۔ جاں بحق افراد میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

زخمیوں کی مجموعی تعداد 29 بتائی گئی ہے جن میں نو خواتین اور تین بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کا تعلق کوٹلی، بھمبر، باغ، نیلم، پونچھ اور حویلی سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سات مئی بروز بدھ سے شروع ہونے والی پاک بھارت کشیدگی کے دوران اب تک آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور اس سے متصل علاقوں میں 17 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ مجموعی طور پر 139 رہائشی مکانات کو مکمل یا جزوی نقصان پہنچا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں