بالوں میں مستقل خشکی کی اصل وجہ کیا ہوتی ہے؟

گرمیوں میں پسینے کے باعث سر میں خشکی (ڈینڈرف) ہونا ایک عام مسئلہ ہے، مگر جب یہ مسئلہ مستقل ہو جائے تو یہ صرف گندگی یا موسمی اثرات کی وجہ نہیں ہوتا، بلکہ جسم میں غذائی کمی بھی اس کی بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔ ایک سینئر ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر نیہا سود کے مطابق ڈینڈرف صرف کھوپڑی میں فنگل انفیکشن کا نتیجہ نہیں بلکہ وٹامنز اور معدنیات کی کمی سے بھی پیدا ہوتا ہے۔ خاص طور پر وٹامن بی کمپلیکس (بی2، بی6، بی12) اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کی کمی سر کی جلد کو خشک اور کمزور بنا دیتی ہے، جس کے نتیجے میں مردہ خلیے جلدی جھڑنے لگتے ہیں اور وہی خشکی کی صورت اختیار کرتے ہیں۔

ڈاکٹر نیہا سود کا کہنا ہے کہ زنک ایک انتہائی ضروری معدنیات ہے جو جلد، بالوں اور ناخنوں کی صحت کے لیے لازمی ہے۔ یہ نہ صرف خلیوں کی مرمت کرتا ہے بلکہ کھوپڑی کی چکنائی کو بھی متوازن رکھتا ہے۔ جب جسم میں زنک کی سطح کم ہو جاتی ہے تو جلد پر سوزش اور خشکی ظاہر ہونے لگتی ہے۔ اس مسئلے کا حل خوراک میں تبدیلی ہے، جس میں کدو کے بیج، دودھ اور اس کی مصنوعات شامل کی جا سکتی ہیں تاکہ زنک کی کمی پوری ہو۔

خشکی سے نجات کے لیے چند سادہ مگر مؤثر ٹوٹکے بھی بہت کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان میں سب سے مشہور اسپرین ہے، جس میں موجود سیلی سائلک ایسڈ خشکی کو ختم کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔ دو گولیوں کو پیس کر شیمپو میں ملا کر استعمال کرنے سے واضح فرق محسوس ہو سکتا ہے۔ اسی طرح کھانے کا سوڈا سر کی جلد پر رگڑنے سے خشکی کی جڑ ختم ہونے لگتی ہے۔ سیب کے سرکے کو پانی میں ملا کر اسپرے کرنا، ناریل کے تیل سے مالش، لیموں کا استعمال اور نمک سے مالش جیسے آزمودہ گھریلو طریقے خشکی کو کم یا ختم کر سکتے ہیں۔

خشکی کو معمولی مسئلہ سمجھنے کی بجائے اگر یہ بار بار ہو رہی ہو تو یہ جسم میں غذائی کمی کی علامت بھی ہو سکتی ہے، اس لیے صرف بیرونی علاج کے بجائے اندرونی صحت پر بھی توجہ دینا ضروری ہے

اپنا تبصرہ لکھیں