فرانس کے ماہر پیسٹری شیفس نے ایک نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کا سب سے لمبا اسٹرابیری پیسٹری کیک تیار کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شاندار کارنامہ بدھ کے روز پیرس کے مضافاتی علاقے ارجنٹیوئل میں انجام دیا گیا، جہاں 20 ماہر شیفس نے مل کر 121.8 میٹر طویل اسٹرابیری کیک تیار کیا۔
رپورٹس کے مطابق، اس دیوہیکل کیک کی تیاری میں 4 ہزار انڈے، 350 کلوگرام اسٹرابیری، 150 کلوگرام چینی اور 415 کلوگرام کریم استعمال کی گئی۔ کیک کی اونچائی اور چوڑائی دونوں 8 سینٹی میٹر تھیں، جب کہ اسے مکمل تیار کرنے میں پورا ایک ہفتہ لگا۔
اس شاندار تخلیق کو دیکھنے کیلئے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے اور کیک نے اپنی دلکشی سے سب کو حیران کر دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دنیا کے سب سے لمبے اسٹرابیری کیک کا ریکارڈ 2019 میں اٹلی کے قصبے سان مورو ٹورینیز میں بنایا گیا تھا، جہاں کیک کی لمبائی 100.48 میٹر تھی۔
فرانس کے شیفس کی اس بے مثال محنت اور تخلیقی صلاحیت نے نہ صرف نیا ریکارڈ قائم کیا بلکہ دنیا بھر کے پیسٹری شوقین افراد کو بھی حیران کر دیا.