دنیا بھر میں ایپل کے مداحوں کو آئی فون 17 کا بے صبری سے انتظار ہے، اور اب اس حوالے سے کچھ اہم معلومات سامنے آ چکی ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 پرو میکس کو رواں سال ستمبر میں، ممکنہ طور پر 11 سے 13 ستمبر کے درمیان لانچ کیا جائے گا۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ فون متحدہ عرب امارات میں تقریباً 3,399 درہم میں دستیاب ہو گا، جو پاکستانی کرنسی میں لگ بھگ 2 لاکھ 60 ہزار روپے بنتی ہے۔ نئے ماڈلز کے سائز میں کوئی بڑی تبدیلی متوقع نہیں، اور آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کے بالترتیب 6.3 انچ اور 6.9 انچ سکرین کے ساتھ آنے کی توقع ہے۔ ان فونز کو ایپل کی نیکسٹ جنریشن A19 پرو چپ سے تقویت ملے گی، جو 3 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، اور پرفارمنس، بیٹری لائف اور گرافکس کے لحاظ سے نمایاں بہتری کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق آئی فون 17 سیریز ایپل کے فلیگ شپ ڈیوائسز کی نئی جہت متعین کرے گی، جس میں نہ صرف جدید چِپ، بلکہ بہتر کیمرا، ممکنہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس فیچرز اور نیا آپریٹنگ سسٹم شامل ہو سکتا ہے۔