بھارت کی او پی جندل یونیورسٹی میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک طالبعلم نے اپنی گرل فرینڈ کو لڑکوں کے ہوسٹل میں چھپانے کے لیے اسے ایک بڑے سیاہ رنگ کے سوٹ کیس میں بند کر دیا، تاہم سیکیورٹی اسٹاف نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیکیورٹی اہلکار ایک بڑے سوٹ کیس کی زِپ کھولتے ہیں، جس کے اندر ایک لڑکی جھکی ہوئی حالت میں بیٹھی ہوتی ہے۔ سوٹ کیس سے باہر آتے ہی لڑکی حیرت اور الجھن میں اِدھر اُدھر دیکھتی ہے، جب کہ اردگرد موجود افراد بھی حیرت زدہ دکھائی دیتے ہیں۔
واقعہ یونیورسٹی کے ہوسٹل میں پیش آیا اور اس کی ویڈیو مبینہ طور پر ایک دوسرے طالبعلم نے بنائی، جو اب مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے شیئر کی جا رہی ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ سیکیورٹی عملے کو کس طرح شک ہوا، تاہم بعض اطلاعات کے مطابق جب سوٹ کیس کو سیڑھیوں یا کسی سخت سطح پر رکھا گیا تو اندر سے ایک آواز یا چیخ سنائی دی، جس پر اہلکاروں نے فوری تفتیش کا فیصلہ کیا۔
ابھی تک لڑکی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور یہ بھی معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا وہ اسی یونیورسٹی کی طالبہ تھی یا باہر سے آئی تھی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی واقعے پر کسی قسم کا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، جب کہ طالبعلم کے خلاف ممکنہ تادیبی کارروائی سے متعلق بھی خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے کو لے کر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے سامنے آ رہے ہیں۔ بعض نے اسے "فلمی طرز کا عشق” قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے سوٹ کیس بنانے والی کمپنی کو تجویز دی کہ وہ اس واقعے کو اشتہاری مہم کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا: "اب سوٹ کیس صرف سفر کے لیے نہیں، محبت کے لیے بھی استعمال ہو رہا ہے!” جبکہ دوسرے نے لکھا: "ہمارے ہوسٹل میں بھی ایک بار ایسا ہی واقعہ ہوا تھا!”