بالی وُڈ کی متنازع اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوت ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، مگر اس بار وجہ ان کا کوئی فلمی کردار نہیں بلکہ ان کے گھر کا آیا ہوا بجلی کا بھاری بل ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ منالی میں واقع ان کے گھر کا ایک لاکھ روپے کا بجلی کا بل آیا ہے، حالانکہ اس گھر میں کوئی رہائش پذیر نہیں۔ اس غیر معمولی بل نے اداکارہ کو نہ صرف برہم کیا بلکہ انہوں نے براہِ راست مودی حکومت پر تنقید کے تیر چلا دیے۔
ہماچل پردیش کے ٹاؤن منڈی میں ایک سیاسی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کنگنا کا کہنا تھا: “یہ بہت شرم کی بات ہے۔ میرے گھر کا ایک لاکھ کا بل آیا ہے، جبکہ وہاں کوئی رہتا بھی نہیں۔ یہ ملک میں کیا ہو رہا ہے؟”
اداکارہ نے سخت الفاظ میں حکمرانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا: “یہ سب بھیڑیے ہیں، اور ہمیں اپنی ریاست کو ان کے پنجوں سے آزاد کرانا ہوگا۔”
کنگنا کی یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وہ بی جے پی کی جانب سے ہماچل پردیش سے انتخابی میدان میں اُترنے کی تیاری کر رہی ہیں۔
اسی دوران ایک اور بڑی خبر یہ ہے کہ کنگنا رناوت اور مشہور نغمہ نگار جاوید اختر کے درمیان برسوں سے جاری قانونی جنگ بالآخر ختم ہو گئی ہے۔ کنگنا نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ جاوید اختر کے ساتھ خوشگوار انداز میں کھڑی ہیں۔
تصویر کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا: “ہماری قانونی جنگ ختم ہو گئی ہے، اور میں جاوید اختر صاحب کے صلح کرنے کے جذبے کی قدر کرتی ہوں۔”
اس پیش رفت کو سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی مل رہی ہے، جہاں مداح کنگنا کے نرم لہجے پر حیرت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔