یاد رکھئے کسی بھی ملک کا سفر کرنے کیلئے آپ کو ویزہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ازبکستان نے اپنے ملک کا ویزہ جاری کرنے کیلئے مختلف ممالک کیلئے مختلف طریقہ کار طے کر رکھے ہیں ۔ مثال کے طور پر انڈین شہریوں کو ازبکستان کا ویزہ حاصل کرنے کیلئے ازبکستان ایمبیسی نیو دہلی نہیں جانا پڑتا بلکہ انڈین شہری اپنے گھر سے ازبکستان کا ویزہ آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں ۔جس کی فیس تیس امریکی ڈالرز ہے اور یہ فیس کریڈٹ کارڈ کے زریعےادا کی جاسکتی ہے ۔ایک ماہ مدت کا سیاحتی ویزہ انہیں 72 گھنٹے میں فراہم کر دیا جاتا ہے ۔
پاکستانی شہریوں کیلئے ضروری ہے کہ انہیں ازبکستان کی کوئی ٹریول ایجنسی ازبکستان کی وزارت داخلہ سے انوی ٹیشن جسے ٹیلیکس کہتے ہیں ،ایشو کروا کر پاکستان بھیجے پھر درخواست گزار اس ٹیلیکس نمبر کو لے ازبکستان ایمبیسی اسلام آباد جائے گا اور وہاں سے اسے سیاحتی ویزہ مہیا کر دیا جاتا ہے ۔ دوسرا اہم پہلو یہ ہے کہ ویزہ پراسس کے یہ سارے کام پاکستان کی کوئی بھی مستند ٹریول ایجنسی انجام دے سکتی ہے ۔یعنی ازبکستان جانے والے پاکستانی شہری اپنے شہر کی کسی بھی ٹریول ایجنسی میں جائیں اور ان سے ازبکستان کا سیاحتی پیکج حاصل کرلیں ۔ ٹریول ایجنسی والے خود ہی آپ کا ٹیلیکس یعنی انوی ٹیشن منگوائیں گے اور خود ہی ازبکستان ایمبیسی اسلام آباد سے ویزہ لگوا دیں گے ۔عام طور پر ازبکستان کے ایک ماہ ویزہ کی فیس ٹریول ایجنٹ آپ سے اسی سے ایک سو امریکی ڈالرز وصول کرتے ہیں ۔ساٹھ ڈالرز ایمبیسی کی ویزہ فیس جبکہ باقی وہ آپ کا انوی ٹیشن ایشو کروانے اور اسلام آباد سے ویزہ لگوانے کی فیس لیتے ہیں۔اگر آپ ازبکستان کے مختلف شہروں میں قیام کیلئے اس ٹریول ایجنسی سے ہوٹل یا ٹرانسپورٹ حاصل کرنا چاہیں تو ٹریول ایجنٹ آپ کو وہ بھی مہیا کر سکتے ہیں ۔ بعض ٹریول ایجنسیوں نے سات روزہ ، دس روزہ اور پندرہ روزہ ٹریول پیکج پہلے سے بنا رکھے ہوتے ہیں ۔آپ پورا سیاحتی پیکج بھی ٹریول ایجنسی سے خرید سکتے ہیں ۔عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ازبکستان کا سیاحتی پیکج اپنے ملک سے حاصل کرنے کے بعد ازبکستان آنا سستا پڑتا ہے جبکہ انفرادی طور ویزہ حاصل کرنا ،ائیرٹکٹ کروانا اور ہوٹل حاصل کرنا مہنگا پڑ سکتا ہے ۔
امارات میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ازبکستان کا ویزہ ؟

جو پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور ان کے پاس ایمرٹس آئی ڈی ہے انہیں ازبکستان جانے کیلئے ویزہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ۔ازبکستان کے قوانین کے مطابق جو پاکستانی متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور ان کے پاس ایمرٹس آئی ڈی کارڈ موجود ہے تو انہیں تاشقند ائیرپورٹ پر ایک مہینے کا سیاحتی ویزہ مفت فراہم کر دیا جاتا ہے۔لہذا دوبئی ،شارجہ یا ابوظہبی رہنے والے پاکستانی بغیر ویزہ کے ازبکستان کا سفر کر سکتے ہیں ۔