ازبک سفیر کی چیئرمین سینیٹ سے ملاقات، دو طرفہ اسٹرٹیجک تعاون پر تبادلہ خیال

پاکستان میں تعینات ازبکستان کے سفیر، علی شیر تختیوف نے چیئرمین سینیٹ، یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران، ازبک سینیٹ اور پاکستان کی سینیٹ کے مابین پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے، مشترکہ اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر عمل درآمد، اور وسطی و جنوبی ایشیا کے درمیان تجارتی راہداریوں کو مستحکم کرنے کے امور زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، اقتصادی تعلقات، اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

سفیر علی شیر تختیوف نے چیئرمین سینیٹ کو 5 سے 9 اپریل تک تاشقند میں ہونے والی بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی 150ویں اسمبلی میں شرکت کی دعوت دی، جسے یوسف رضا گیلانی نے بخوشی قبول کر لیا اور یقین دلایا کہ، وہ پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے ازبکستان کا دورہ کریں گے۔
چیئرمین سینیٹ نے دوطرفہ اقتصادی سفارتکاری اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ، پاکستان اور ازبکستان صرف تجارتی شراکت دار ہی نہیں، بلکہ تاریخی، ثقافتی اور معاشی لحاظ سے بھی مضبوط اسٹریٹجک اتحادی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں